کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا پی ایس ایل کے آئندہ میچوں میں اننگز اوپن کرنا غیریقینی ہوگیا۔ کراچی کنگز کیخلاف میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ا گرچہ وہ افتتاحی مقابلے میں بطور اوپنر میدان پر گئے تاہم آئندہ میچوں میں ٹیم کی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے بیٹنگ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کیخلاف مڈل آرڈر کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لہٰذا ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ مل کر اس معاملے کا حل تلاش کیا جائے گا اور آئندہ میچوں میں کامیابی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ ایک سوال پر وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھاکہ کھیل کے دوران 170سے 180رنز تک بنایا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے ابتدائی وکٹیں جلدی گر گئیں جس سے ٹیم دباؤ کا شکار ہوئی اور میچ میں واپسی ممکن نہ ہو سکی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹورنامنٹ کے آئندہ میچوں میں بیٹنگ یونٹ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہتر کھیل پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران زیادہ ہدف مقرر نہیں کر سکے لہٰذا فیصلہ کیا کہ ابتدائی وکٹیں حاصل کرنے کیلئے فاسٹ بالرز کے ساتھ اٹیک کیا جائے۔ اگر اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل موجود ہوگا تو امید کی جا سکتی ہے کہ بالرز شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ایونٹ کے اچھے آغاز پر خوشی ہوئی۔ جو کلارک نے جس انداز میں بیٹنگ کی اس کو دیکھنا زبر دست تھا۔ بابراعظم نے بھی ذمہ داری نبھائی جبکہ محمد نبی اور کالن انگرام نے اچھی کارکردگی سے جیت یقینی بنادی۔ ہماری ٹیم کے پاس بالنگ میں کافی آپشنز ہیں اور یہی وجہ ہے کہ محمد نبی کو بالنگ کا موقع نہیں مل سکا۔
سرفراز احمد ک ا آئندہ میچوں میں اننگز اوپن کرنا غیریقینی
Feb 23, 2021