لاہور (نمائندہ سپورٹس)لاہور قلندرز کے سکواڈ میں شامل جارح مزاج آسٹریلوی بیٹسمین بین ڈنک نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ اپنی کارکردگی سے کورونا وبا سے متاثر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں لائیں اور ایسا کچھ کر دکھائیں کہ لاہور قلندرز کے مداحوں کو فخر محسوس ہو۔ایک انٹرویومیں بین ڈنک نے کہا کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کا آغاز کافی اچھا ہوا ہے، امید ہے آگے بھی اس سلسلے کو جاری رکھیں گے، ٹیم کی تیاریا ں کافی پرجوش ہیں۔، کرونا کی وجہ سے حالات مشکل ہیں لیکن ٹیم ضرور اچھا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بائیو سیکیور ببل کی وجہ سے پلیئرز کے لیے بہت مشکل ہو جاتا ہے، کمروں میں محدود رہنا اور بس کرکٹ کے لیے باہر نکلنا، یہ سب کچھ بہت مشکل ہے اور اکثر اسکا اثر ہو جاتا ہے، یہ سب کچھ بہت تھکا دینے والا عمل ہے۔، وہ خود بھی گزشتہ سال پی ایس ایل فائنل سے بمشکل پانچ یا چھ دن ببل سے باہر رہے ہوں گے، یہ سب مشکل ہے مگر اس کا ا ن کی کارکردگی پر کوئی اثر نہیں ہو گا اور وہ لاہور کے لیے بھرپور انداز میں پرفارم کریں گے۔تینتیس سالہ آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ لاہور قلندرز کا کامبی نیشن کافی اچھا ہے، اکثر پلیئرز وہی ہیں جنہوں نے پچھلے ایڈیشن کی اچھی کارکردگی میں اپنا کردار ادا کیا، امید ہے کہ جو پچھلے برس اچھا ثابت ہوا تھا وہ اس سال بھی اچھا ثابت ہو۔