راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ د رخت قدرت کا انمول تحفہ ہیںیہ قومی ضرورت اور قدرتی حسن کا لازمی جزو ہیں وطن عزیز میں جنگلات کی کمی پوری کرنے کا واحد حل یہی ہے کہ وسیع پیمانے پر شجرکاری کی جائے اور اس مہم میں تمام شہری دینی ، قومی اور ملی جذبے کے ساتھ شریک ہوں ہر سطح پرشجرکاری کے فروغ کی ترغیب عام کی جائے اورملک کے مختلف حصوں میں پودے لگائے جائیں اورپروان چڑھنے تک ان کی مناسب دیکھ بھال بھی کی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈ ی بنچ کے لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیااس موقع پر جسٹس ملک شہزاد احمد خان ، جسٹس چوہدری مشتاق احمد، جسٹس عبد العزیز ، جسٹس رسال حسن سید ، جسٹس محمد امیر بھٹی، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ محمد مشتاق اوجلہ، سینئر رجسٹرار غفار مہتاب،ایڈیشنل رجسٹرارمرزا عبدالحفیظ، کنزرویٹو افسر فاریسٹ ثاقب محمود،وجاہت ، عدیل اشفاق اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ جنگلات قومی دولت ہیں اور اگر بڑھتی ہوئی آبادی اورقومی ضروریات کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے جنگلات میں اضافے پر توجہ نہ دی تو ہمیںمستقبل قریب میںپریشانی کا سامنا ہوسکتا ہے یہ ہماری انفرادی اور قومی ذمہ داری ہے کہ ہم ملک و قوم کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ایسے قومی پروگراموں میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیں جن سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے اور ایک عظیم تحریک کے طور پر شجرکاری مہم کو ہر سطح پر عام کرنے میں اپنا کردارادا کریں جسٹس ملک شہزاد احمد خان ، جسٹس چوہدری مشتاق احمد، جسٹس عبد العزیز ، جسٹس رسال حسن سید ، جسٹس محمد امیر بھٹی نے بھی اس موقع پر پودا لگا کا شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔