اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 1160 مریض سامنے آئے جبکہ 16 افراد انتقال کرگئے۔ مجموعی کیسز 5 لاکھ 72 ہزار 334 ہوگئے جبکہ اموات 12 ہزار 617 تک پہنچ گئیں۔ مزید 1384 مریض صحتیاب، تعداد 5 لاکھ 35 ہزار 491 ہوگئی۔ فعال کیسز 24 ہزار 226 رہ گئے۔ سندھ میں کرونا کے 386 نئے کیسز، 4 اموات ریکارڈ، پنجاب میں 474 نئے کیسز، مزید 4 مریض لقمہ اجل بنے، خیبرپی کے میں مزید 157 افراد متاثر، مزید 4 مریضوں کا انتقال ہوا۔ بلوچستان میں 9 کیسز رپورٹ، اموات 199 پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں مزید 83 کیسز، مزید 4 مریض انتقال کر گئے۔ آزاد کشمیر میں مزید51 متاثر، اموات 288 پر برقرار ہیں۔ گلگت بلتستان میں کوئی نیا مریض نہ کوئی ہلاکت، اموات 102پر برقرار ہیں۔ وزیراعظم کے مشیربرائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کرونا ویکسین لگوالی ۔ گزشتہ روز پاکستان انسٹیٹویٹ آف میڈیکل سائنسز پمز میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کرونا سے بچائو کی باقاعدہ ویکسین لگوا لی۔ این سی او سی کے فیصلے کی روشنی میں ڈاکٹر فیصل نے یہ ویکسین لگوائی ہے کیونکہ وہ ایک مستند ڈاکٹر ہیں۔ ڈاکٹر فیصل کو سینوفاس چینی ویکسین لگائی گئی۔ معاون خصوصی صحت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایکساٹرا زینیکا کی ڈوزز مارچ کے پہلے ہفتے آنا شروع ہوجائیں گی۔ ہم نے60 سال سے بھی اوپر شہریوں کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ سائنوفارم کا لائسنس60 سال کے شہریوں تک تھا۔ ابھی بھی کرونا سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ کرونا میں میڈیا کا کردار مثالی رہا۔ فرنٹ لائن ہیلتھ رپورٹرز کو بھی جلد ویکسین لگائیں گے۔ ویکسین سینٹرز میں آسانی سے اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ ویکسین کے حوالے سے افواہوں سے لوگ کنفیوژ ہو رہے ہیں۔ میں کہتا ہوں کرونا کی جو ویکسین دستیاب ہو وہ لگوا لینی چاہئے۔ دنیا بھر میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 11کروڑ 13لاکھ51ہزار190 ہوگئی۔ امریکہ 2 کروڑ 81 لاکھ 33 ہزار 699 مصدقہ کیسزکے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بھارت 1کروڑ 9لاکھ 91ہزار651 مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ مصطفیٰ آباد/ للیانی سے نامہ نگار کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مصطفیٰ آباد کی ٹیچر کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر سکول کو دو روز کے لئے بند کردیا گیا۔ برطانیہ میں کرونا وائرس کی کامیاب ویکسین مہم کے بعد اب لندن حکومت لاک ڈاؤن سے نکلنے کا فیصلہ کرنے والی ہے۔ آج نئی حکمت عملی کا اعلان ہو گا۔
کرونا : مزید 16 اموات : ویکسین لگوائیں گمراہ کن باتوں پر کان نہ دھریں : فیصل سلطان
Feb 23, 2021