قلندرز نے گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

Feb 23, 2021

لاہور‘ کراچی (حافظ محمد عمران‘ منیر احمد بھٹی، قمر خان) فخر زمان اور محمد حفیظ کی دوسری وکٹ کی 115 رنز کی شراکت نے لاہور قلندرز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 9 وکٹوں سے کامیابی دلوا دی۔ فخر زمان نے 52 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 82 رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ نے 33 گیندوں پر 6 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ قلندرز نے 4 گیندیں قبل ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف 179 رنز بنا لئے۔ مین آف دی میچ کا ایوارڈ فخرزمان کو دیا گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو میچ جیتنے کے لئے 179 رنز کا حدف دیا۔ گلیڈی ایٹرز نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178رنز بنائے تھے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے چوتھے میچ میں فخر زمان اور محمد حفیظ کی دوسری وکٹ کی115 رنز کی شراکت نے لاہور قلندرز کو 9 وکٹوںسے کامیابی دلوا دی۔گلیڈی ایٹرز کے بالر زاہد محمود نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں لاہورقلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ابتدائی دو اوورز میں مجموعی سکور 12 رنز پر دونوں کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ جس کے بعد کرس گیل اور کپتان سرفراز احمد نے مل کر ایک خوبصورت پارٹنرشپ قائم کی اور گرائونڈ کے چاروں جانب دلکش سٹروک کھیلے لیکن جب مجموعی سکور 113 رنز پر پہنچا تو سرفراز احمد 33 گیندوں پر5 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنانے کے بعد حارث رئوف کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے جس فوری بعد کرس گیل کی اننگ کا اختتام ہوگیا۔ انہوں نے 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے اور انہیں راشد خان نے کلین بولڈ کیا۔ کرس گیل اور سرفراز احمد کے درمیان 68گیندوں پر 101 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ اعظم خان 13رنز بناکر احمد دانیال کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ بین کٹنگ5 رنز بناکر حارث رئوف کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ محمد نواز نے 20 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 33 رنز بنائے جبکہ انور علی بھی ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ قلندرز کے حارث رئوف نے اپنے مقررہ 4 اوورز میں 38 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، احمد دانیال اور راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ لاہور قلندرز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلے گئے آخری پانچ میچوں میں قلندرز کامیابی حاصل کی ہے۔ قلندرز کی ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی ہے۔  178 رنز کے جواب میں آغاز پراعتماد تھا۔ جہاں کپتان سہیل اختر اور فخر زمان نے اننگز کے آغاز میں جارحانہ بلے بازی کے بجائے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور میچ کو لمبا کرنے کی حکمت عملی اختیار کی۔ فخر زمان پر مسلسل اعتماد بھی کام آیا اور انہوں نے گراؤنڈ میں ہر طرف سپنرز اور فاسٹ باؤلرز کے یکساں مہارت کے ساتھ رنز سکور کیے۔ گلیڈی ایٹرز کے بولرز مکمل طور پر ناکام رہے۔ فاسٹ باؤلرز حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے ابتدا ہی میں دونوں اوپنرز کو پویلین واپس بھیج دیا لیکن بعد میں قلندرز کی خراب فیلڈنگ بالخصوص آغا سلمان نے کرس گیل کے کیچز ڈراپ کر کے انہیں رنز بنانے اور فارم میں واپسی کا موقع فراہم کیا۔ کرس گیل کے اڑسٹھ اور سرفراز احمد کے چالیس رنز ہی گلیڈی ایٹرز کو میچ میں واپس لائے۔ راشد خان فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوئے لیکن اس کے باوجود انہوں نے اچھی باؤلنگ کی۔ شاہین آفریدی مہنگے ثابت ہوئے۔ معین خان کے بیٹے اعظم خان ایک مرتبہ پھر بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔ سرفراز احمد کپتانی کے دوران خاصے غصے میں رہے۔

مزیدخبریں