صوبائی وزیر مال ملک محمد انورنے کہا ہے کہ ای۔ آبیانہ کا جدید نظام شعبہ ریونیو کے نظام میں گڈگورننس کو یقینی بنائے گا۔اس نظام سے 84لاکھ سے زائد کسان مستفید ہونگے اور ڈیجیٹائزیشن سے زرعی انقلاب کی راہ ہموار ہوگی۔
یہ بات اُنہوں نے اپنے آفس میں کسانوں کے ایک 6 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اُنہوں نے وفد کوبتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں خانیوال کینال ڈویژن،لیہ کینال ڈویژن،شیخوپورہ کینال ڈویژن اور قصور کینال ڈویژن میں ای۔آبیانہ نظام کا اجراء کیا جارہا ہے۔ای۔آبیانہ نظام میں کسانوں کو گھرکی دہلیز پربل موصول ہوگا اور ایس ایم ایس الرٹ کے ذریعہ کسانوں کو آبیانہ سے متعلق تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر ملک محمد انور نے بتایا کہ اس مربوط اور منظم کمپوٹرائزڈ ای آبیانہ نظام کے تحت کسان اپنا آبیانہ ایزی پیسہ یا بینک کے ذریعہ حکومت کو براہ راست جمع کروا سکیں گے۔ای۔ آبیانہ کی بدولت ایک صدی سے رائج فرسودہ نظام میں موجود مسائل کا خاتمہ ممکن ہو گا۔اُنہوں نے کہا کہ آبیانہ کا تخمینہ، وصولی اورجمع کروانے کے مراحل میں حکومت اور کسانوں کو پیش آنے والے مسائل کاتدارک بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ جامع ڈیٹا بیس کی تشکیل سے مستقبل میں کسانوں سے متعلق فیصلہ سازی اور حکومتی پالیسیوں کے نفاذ میں معاونت ملے گی۔اس طرح ای۔ آبیانہ سے گرداوری کے نظام میں مالی بے ضابطگیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا جبکہ وارا بندی کا خاتمہ،پانی چوری کی روک تھام میں معاون ہوگا جس سے کسانوں کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو گا۔
ای۔آبیانہ سے گرداوری کے نظام میں مالی بے ضابطگیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا:صوبائی وزیر مال ملک محمد انور
Feb 23, 2021 | 22:04