حکومت کو ’’سرپرائز‘‘ دینے کیلئے اپوزیشن جماعتیں متحرک

Feb 23, 2022


اسلام آباد (رپورٹ: رانا فرحان اسلم) اپوزیشن جماعتیں حکومت کو "سرپرائز" دینے کیلئے متحرک ہیں۔ حزب اختلاف کی تین بڑی جماعتوں کے قائدین کی باہمی مشاورت حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ایوان کے اندر نمبر گیم پوری کرنے کیلئے تمام جماعتوں کے قائدین کوشاں ہیں۔ شہباز شریف‘ زرداری اور فضل الرحمن کی ون آن ون ملاقاتوں کے احوال سے پارٹی کی دوسرے درجے کی قیادت کو بھی لاعلم رکھا جا رہا ہے۔ بظاہر ان ملاقاتوں میں وزیراعظم‘ وزیراعلیٰ پنجاب‘ سپیکر اور چیئرمین سینٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی لئے مشاورت کی جا رہی ہے لیکن اندرون خانہ آئندہ حکومت سازی کے حوالے سے امور زیر بحث ہیں اور اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہے۔ تحریک عدم اعتماد میں کامیابی کے بعد کی صورتحال اور ناکامی کی صورت میں اپوزیشن کی حکمت عملی کیا ہو گی یہ باتیں بھی زیرغور ہیں۔ حکومت کے اتحادیوں اور جہانگیر ترین گروپ میں پی ٹی آئی کے ناراض ارکان کی جانب سے اپوزیشن کی حمایت ناگزیر ہو چکی ہے۔ اپوزیشن اتحاد کو اتحادیوں اور پی ٹی آئی ناراض گروپ کے ارکان کی طرف سے حمایت کہ مکمل یقین دہانی کے فوراً بعد تحریک عدم اعتماد کیلئے میدان سجایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنما موجودہ حالات میں پراعتماد نہیں ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری ہیں۔

مزیدخبریں