ٹانک‘ ڈیرہ اسماعیل خان (نامہ نگار) سور کلائے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ میں سابق امن کمیٹی کے سربراہ نصراللہ بیٹنی جاں بحق ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کے مطابق شام کے وقت 5 بجے کے بعد تھانہ جنڈولہ کی حدود میں واقع گائوں سور کلائے میں سابق امن کمیٹی کے سربراہ نصراللہ بیٹنی کھیل کے میدان سے واپس پہاڑ کی چوٹی پر واقع اپنے گھر پیدل جارہے تھے کہ اس دوران ان پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا ہے جس میں نصراللہ ابتدائی طور پر شدید زخمی ہوگئے تھے بعد ازاں وہ جنڈولہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ دریں اثناء پولیو سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے بی ایچ یو مڈی جانے والی پولیس موبائل پر تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی روڈ گرہ ابراہیم پل کے قریب سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ‘ 4 پولیس اہلکار زخمی‘ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا‘ زخمی پولیس اہلکار ہسپتال منتقل‘ ڈی پی او ڈیرہ کی قیادت میں پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی‘ علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔