اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب پہلی بار ان افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا ہے جن کو کوئی چھو نہیں سکتا تھا، نیب کی بھرپور پراسیکیوشن کے باعث 2017 سے 2021 کے دوران احتساب عدالتوں نے 1405ملزمان کو سزا سنائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پراسیکیوشن اینڈ آپریشن ڈویژن کی کارکردگی کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی اصغر حیدر، ڈی جی آپریشن اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نیب کا آپریشنل اور پراسیکیوشن ڈویژن کی شکایت کی جانچ پڑتال انکوائریوں، انوسٹی گیشنز کو قانون کے مطابق نمٹانے، احتساب عدالتوں، ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں مقدمات کی پیروی کیلئے تمام علاقائی بیوروز کو قانونی معاونت فراہم کررہا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایت پر تجربہ کار لیگل کنسلٹنٹ /سپیشل پراسیکیوٹر سمیت پراسیکیوشن ڈویژن کو فعال بنایا گیا ہے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شا ہ اور پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی کی زیر نگرانی آپریشن ڈویژن اور پراسیکیوشن ڈویژن نیب ہیڈکوارٹرز کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔ ادھر نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا، اجلاس میں کرپشن شکایات پر انکوائریاں، تحقیقات اور ریفرنسز کی منظوری دی جائے گی۔
جنہیں کوئی پوچھ نہیں سکتا نیب پہلی بار کٹہرے میں لایا:چئیر مین
Feb 23, 2022