راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) ازبکستان کے نائب وزیراعظم سردار عمر زاکوف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا ہے۔ جہاں پر انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امو رکے علاوہ تزویراتی تعلقات کو مربوط کرنے اور علاقائی سلامتی کی صورتحال خصوصاً افغانستان کے موجودہ حالات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ معززین نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کی نوعیت اور دائرہ کار کو وسیع کرنے کے اقدامات اور دونوں برادر ممالک کے درمیان سکیورٹی روابط اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان تمام علاقائی ممالک خصوصاً ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ فوجی تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ سردار عمر زاکوف نے پاکستان کی علاقائی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔