عمران یاپاکستان ،قوم کو ایک کا انتخابات کرنا ہو گا:بلاول

Feb 23, 2022


سخاکوٹ (ظاہر شاہ سے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ملک کو بچانے کے لئے جعلی اور سلیکٹڈ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا پاکستانی قوم پر فرض ہو چکا ہے۔ عمران اور پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔کیونکہ کپتان اور پاکستان مزید ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافے نے خطرناک شکل اختیار کر لی ہے۔ ملک کو ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی جھولی میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچادیا گیا ہے۔ ناقص منصوبہ بندی اور ناکام خارجہ پالسی کے باعث ملک تنہائی کا شکار ہوگیا ہے۔ پی پی پی ایک جمہوری جماعت اور جمہوری انداز سے میدان میں مقابلہ کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں کا مقابلہ ملک کے بڑے بڑے ڈکٹیٹروں یحییٰ خان، ایوب خان، جنرل ضیاء الحق اور مشرف نے نہیں کیا تو جعلی اور سلیکٹڈ کپتان کیا مقابلہ کرے گا۔ پی پی پی کا لانگ مارچ موجودہ حکومت کے تابوت میںآخری کیل ٹھونکے گا۔ 8مارچ کو اسلام آباد میں دما دم مست قلندر ہو گا۔ خیبر پختونخوا کے جیالے کثیر تعداد میں لانگ مارچ میں شرکت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ہاتھیان ہائوس تخت بھائی میں سابق صوبائی وزیر اور پی پی پی کے سابق صوبائی صدر رحیم داد خان مرحوم کی وفات پر ان کے بیٹے اسد خان سے تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار نے لاکھوں نوکریاں اور گھروں کو، لاکھوں مزدوروں سے روزگار چھین کر ان کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ سفید پوش طبقہ خودکشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔ عوام تاریخی معاشی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستانی قوم نے جعلی کپتان کا اصلی چہرہ دیکھ لیا ہے اور اب سلیکٹڈ حکمرانوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں انہوںنے کہا حالیہ دہشت گردی میں خیبر پختونخوا کے عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں لیکن موجودہ وزیراعظم اور صدر پاکستان دہشت گردوں کے سامنے سجدہ ریز ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیکا کرائمز ایکٹ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ہم صحافت کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں اور صحافیوں کے حقوق کسی کو بھی ہڑپ نہیں کرنے دیں گے۔ پیپلز پارٹی عدالت میں اس ایکٹ کو چیلنج کرے گی۔ انہوں نے تمام کارکنوں سے اپیل کی کہ لانگ مارچ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور 8 مارچ کو اسلام آباد پہنچ کر موجودہ حکومت سے قوم کو چھٹکارا دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزیدخبریں