ردالفساد:سے ملک میں امن ہوا،افواج نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی:عثمان بزدار

Feb 23, 2022


 لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آپریشن ردالفساد کے5سال مکمل ہونے پر مسلح افواج کی بے مثال کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپریشن ردالفسادکے باعث وطن عزیز میں امن قائم ہوا ہے۔ سکیورٹی فورسز کے افسروں اورجوانوں نے اپنی قیمتی جانیں دے کر امن کی آبیاری کی ہے۔ مسلح افواج نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ عوام کی بھرپور حمایت سے مسلح افواج آپریشن ردالفساد میں سرخرو رہی ہے۔ ملک و قوم کے محفوظ کل کیلئے اپنا آج قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں اور قوم شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ عثمان بزدار نے سعودی عرب کے یوم تاسیس پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کا قومی دن اسلامی تاریخ، ورثے اور دور جدید کی مثالی مملکت کا ایک درخشندہ باب ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط تعلقات صدیوں پرانی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی شراکت پر مبنی ہیں۔ عثمان بزدار نے کوہلو میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید کیپٹن حیدر عباس کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ قوم کے بہادر سپوت نے اپنی قیمتی جان وطن عزیز امن کے لیے قربان کی۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف یوتھ ونگ کے سابق مرکزی صدر سید علی عباس شاہ بخاری کو وزیراعلیٰ پنجاب کا کوآرڈینیٹر برائے لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ مقرر کردیا گیا۔ عثمان بزدار سے سید علی عباس شاہ بخاری نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار دبئی کے کامیاب دورے کے بعد لاہور واپس پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دورہ کے دوران لاہور میں مبارک سنٹر کی تعمیر کے ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایکسپو 2022میں ملکی اور غیر ملکی پویلین کے دورے بھی کئے۔

مزیدخبریں