لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے وفاقی وزیر سیفران صاحبزادہ محبوب سلطان اور ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سیاسی عمل کی وجہ سے رابطے سب کے ساتھ ہوتے ہیں، انشاء اللہ اپنی سیاسی ساکھ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے مشاورت اور سوچ سمجھ کر ملکی مفاد میں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ق پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوامی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان اور صاحبزادہ امیر سلطان نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی وزارت اعلیٰ کا دور صوبے کا سنہری دور تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں عوام خوشحال تھے، یہی وجہ ہے کہ عوام آج بھی ترقی کے اس دور کو اچھے الفاظ میں یاد کرتے ہیں۔