لاہور(نیوز رپورٹر) ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن اور سٹیل شیٹ لوہا مارکیٹ کے رہنما راجا عدیل اشفاق نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان سٹیل ملز کو مردہ گھوڑا بنانے کے بجائے روس کے اشتراک سے اس کی بحالی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے ، اس انتہائی اہم پراجیکٹ کو کباڑ کا ڈھیر بنادینا بہت بڑا المیہ ہے۔ راجا عدیل اشفاق نے کہا کہ مغربی ممالک نے جو بے تحاشا ترقی کی اس میں وہاں کے نیشنل انٹرپرائزز کا بڑا اہم رول ہے۔ پاکستان میں صورتحال اسکے الٹ ہے اور مس مینجمنٹ، کرپشن، اقربا پرستی اور نااہلی کی وجہ سے نیشنل انٹرپرائزز ملک کی اکانومی کیلئے بڑا مسئلہ بن گئے۔ حالانکہ اگر ان کو ایمانداری اور اہلیت سے چلایا جاتا تو آج یہ پاکستان کی اکانومی کو اٹھاکر کر کہیں سے کہیں لے گئے ہو تے۔انہوں نے کہا کہ 2000 ء سے 2007ء تک پاکستان سٹیل ملز 20ارب روپے منافع میں تھی۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء میں نئی حکومت آگئی جبکہ 2008ء سے 2013ء تک پاکستان سٹیل ملز جو پہلے منافع میں جار ہی تھی،اسے 100ارب روپے کا خسارہ ہوا، بعد میں آنے والی حکومتوں توجہ نہیں دی۔ا نہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سٹیل ملز جیسے قومی اثاثے کو برباد کرنے کے بجائے سرکار بحالی کیلئے پلان دے۔
پاکستان سٹیل ملز کو مردہ گھوڑا نہ بنایا جائے: راجا عدیل اشفاق
Feb 23, 2022