لاہور(کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری مینجمنٹ کمیٹی کے رکن محمد ندیم قریشی نے کہاہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔ قیمتوں میں اضافہ سے نئی صنعتوں کا قیام تو در کنار پہلے سے چلتی ہوئی صنعتوں کا بھی پہیہ جام ہو سکتاہے،ملکی معیشت کو پہلے ہی بہت سے چیلنجز در پیش ہیں اور ایسے میں حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 6.10روپے فی یونٹ مزیداضافہ کرنے کا فیصلہ انتہائی تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پٹرول کے بعد بجلی کی قیمت میں بھی بڑے اضافہ کی تیاری کر رہی ہے جس کے بعد عوام پر 60ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔اس سے پہلے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کیا ، جس کی وجہ سے مہنگائی کی شدید لہر آئی ہے۔بجلی کے نرخ میں اضافہ کی تجویز منظور ہونے کی صورت میں بجلی صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔محمد ندیم قریشی نے مزید کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت پہلے ہی مسائل پیدا کر رہی ہے اور اس کے منفی اثرات برآمدات پر بھی مرتب ہونگے۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافہ صنعتوں کا پہیہ جام کرے گا : ندیم قریشی
Feb 23, 2022