البانیہ پاکستان کیساتھ مضبوط تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا: کاسٹریوٹ روبو 

Feb 23, 2022


اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) جمہوریہ البانیہ کے نان ریذیڈنٹ نامزد سفیر کاسٹریوٹ روبو نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سفیر نے کہا کہ البانیہ کا جغرافیائی محل وقوع پاکستان کے لیے اہم ہے کیونکہ البانیہ یورپ میں ایک اہم جگہ پہ واقع ہے ، اس لیے اس کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ د ے کر پاکستان یورپی خطے کی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ البانیہ میں سیاحتی مقامات کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے پاکستانی کارکن پہلے ہی البانیہ میں تعمیراتی شعبے میں کام کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پانے سے البانیہ میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کے وفد کو البانیہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ کاروباری تعاون کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ البانیہ مغربی بلقان ممالک کا ایک اہم حصہ ہے لہذا پاکستان دنیا کے اس حصے میں تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے البانیہ کے ساتھ قریبی کاروباری تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے تمام ممکنہ شعبوں کو تلاش کرنے کے لیے تجارتی وفود کا باقاعدہ تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ البانیہ کو پاکستان میں اپنا سفارت خانہ کھولنا چاہیے جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوام کے درمیان رابطوں اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر، محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی، سعید خان، چوہدری محمد علی، اشعر حفیظ، اشفاق چٹھہ اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و البانیہ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے بہت سی مفید تجاویز پیش کیں۔

مزیدخبریں