اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان میں کپیٹل مارکیٹ کو وسعت دینے اور سٹا ک مارکیٹ میں ٹریڈنگ تک رسائی کو سہل کرنے کے پیش نظر ، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے آن لائن بروکرز کا تصور متعارف کرا دیا ہے ، جہاں آن لائن بروکرز صرف الیکٹرانک ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ، سرمایہ کاروں کو سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کی سہولت فراہم کریں گے۔آن لائن بروکرز کا مجوزہ ریگولیٹری فریم شراکت داروں اور رائے عامہ کی مشاورت کے لئے کمیشن کی ویب سائٹ پر فراہم کر دیا گیا ہے۔ اس ریگولیٹری فریم ورک میں آن لائن اکاؤنٹ کھولنے ، ایس ای سی پی سے منظوری اور آن لائن ذرائع سے ٹریڈنگ کی خدمات کی فراہمی کا طریق کار وضع کیا گیاہے ۔نئے مجوزہ فریم ورک میں بہترین بین الاقوامی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاروں کو کم اخراجات اور بغیر کسی بروکریج آفس یا برانچ جائے، مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔