اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورنوجوان کامیاب پروگرام عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 94 فیصد نوجوانوں کو سپورٹس کی سہولت میسر نہیں ہیں اورکامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو سپورٹس سہولیات فراہم کرینگے، پاکستان کے نوجوانوں کو کھیلوں میں مصروف کرنے کے لئے اس سال 650 سے زائد سپورٹس ایونٹس منعقد کرینگے، بھرپور کوشش ہوگی کہ وزیراعظم عمران خان کے کھیلوں سے متعلق ویژن کو پورا کیا جائے۔ عیداور رمضان المبارک کے بعد فٹ بال، سکواش اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کی ڈرائیو شروع کرینگے، سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سیاسی بنیادوں پر نہیں ہے اور نوجوان سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ڈرائیو کا حصہ بنیں، کھیلوں کے پروگراموں سے کامن ویلتھ گیمز اور سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے لئے مدد ملے گی،سرکاری سرپرستی کے بغیر کوئی بھی سپورٹس کامیاب نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریسلر انعام بٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ 6 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ ڈرائیو کا آغاز کیا تھا ،بارہ کھیلیں رکھی گئی ہیں جن میں بارہ مردوں اور دس خواتین کی کھیلیں شامل ہیں۔ کامیاب جوان سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ ڈرائیو کا آغاز آئندہ ماہ مارچ سے ہونے جارہا ہے پہلے مرحلے میں ریسلنگ، ویٹ لیفٹنگ اور ہاکی میں شامل ہے ہاکی میں مرد اور خواتین کے مقابلے منعقد ہونگے۔ ریسلنگ کی سپورٹس ڈرائیو کا آغاز 12 مارچ سے گجرانوالہ میں کرینگے کیونکہ انعام بٹ کا تعلق بھی گوجرانوالہ سے ہے۔ا نہوں نے کہا کہ ہم وفاقی وزرا اسد عمر اور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے بھی شکرگزار ہیں جو اس پروگرام کے لئے ہماری رہنمائی اورمدد کر رہے ہیں۔
کامیاب جوان پروگرام ، نوجوانوں کو سپورٹس سہولیات فراہم کرینگے:عثمان ڈار
Feb 23, 2022