اسلام آباد(وقائع نگار) کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے منگل کے روز اسلام آباد کے علاقے لہتڑار روڈ پر ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے متعدد کارروائیاں کیں جسمیں متعدد تجاوزات بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردی گئیں اور تجاوزات کنندگان کا 4 ٹرک سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ کارروائیاں اسلام آباد کے علاقے لہتڑار روڈ سے ملحقہ بنک اسٹاپ پر روڈ کے دونوں اطراف کی گئیں جسمیں شعبہ انفورسمنٹ نے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے درجنوں مختلف نوعیت کے چھوٹے بڑے سٹالز اور دکانوں کے باہر تجاوز شدہ شیڈز بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردئیے۔ ان تجاوزات سے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہورہا تھا آپریشن کے بعد ان راہدریوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنا ہے۔