اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وزیر داخلہ اور سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدرِ پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردہ پیغام کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ٹوئٹر پیغام کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پی پی پی سینیٹر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے رحمان ملک کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار اور مرحوم کیلئے دُعائے مغفرت کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک کے اِنتقال پر اظہارِ افسوس#RehmanMalik pic.twitter.com/Q7RTCkPPLJ
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) February 23, 2022
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وفاقی وزیرِ داخلہ رحمان ملک علالت کے باعث انتقال کر گئے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک اسلام آباد کے پرائیویٹ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔سینیٹر رحمان ملک کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت نکلا تھا۔ گزشتہ کچھ دنوں سے وائرس کے باعث پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما رحمان ملک کے پھیپھڑے متاثر ہوئے۔رحمان ملک نے 25 مارچ 2008 سے 16 مارچ 2013 تک وزیر داخلہ کی حیثیت سے ملک و قوم کی خدمت کی۔ اپوزیشن رہنما کی حیثیت سے انہوں نے میثاقِ جمہوریت میں اہم کردار ادا کیا۔