ملکی ترقی کیلئے بے سہارابچوں کوتعلیم کی فراہمی ناگزیر، بیگم ثمینہ عارف 

Feb 23, 2023


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہاہے کہ ملکی ترقی کیلئے بے سہارااورمحروم بچوں کوتعلیم کی فراہمی ناگزیر ہے ، تعلیم کے ساتھ ان بچوں کو ہنرسکھانے اوران کی نشوونماکے لئے مناسب خوراک کی فراہمی کو بھی یقینی بنانا ہوگا، اجتماعی کوششوں سے پاکستان کی ترقی میں مزید بہتری لاسکتے ہیں ۔ان خیالات کااظہار خاتون اول نے بدھ کویہاں’’تارے زمین پر‘‘ایجوکیشنل سنٹرکے افتتاح کے مو قع پرکیا۔بیگم ثمینہ علوی نے کہاکہ تارے زمین پرٹرسٹ محروم بچوں خصوصاًجھگیوں میں رہنے والوں کے لئے کام کررہاہے ،’’تارے زمین پر‘‘کے نئے ایجوکیشنل سنٹرکے آغازپرٹرسٹ کی ٹیم، بچوں اوران کے والدین کو مبارک باد پیش کرتی ہوں ۔انہوں نے کہاکہ’’تارے زمین پر‘‘ٹرسٹ بے گھر افراد کاسہارابن رہاہے اوران کو چھت کی فراہمی کے لئے کام کررہا  ہے ،ٹرسٹ 250بچوں کی تعلیم اور 29خاندانوں کوگھرفراہم کرنے کے علاوہ ضرورت مند لوگوں کوماہانہ راشن اور ہسپتالوں میں کھانا فراہم کرکے نیک کام میں حصہ لے رہاہے،ان خاندانوں کے 200سے زیادہ بچے پہلے سے زیرتعلیم ہیں ۔اس موقع پرتارے زمین پرٹرسٹ کے بانی کاشف ریاض اورچیف ایگزیکٹوآفیسرفادیہ کاشف بھی موجودتھیں ۔

مزیدخبریں