23نئے کیسز،کرونا سے خوفزدہ بچے سمیت 3 سال گھر بند رہنے والی بھارتی خاتون ریسکیو

Feb 23, 2023


اسلام آباد؍ نئی دہلی (خبرنگار+ این این آئی) قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے23کیس رپورٹ ہوئے جن میں 13مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران 4ہزار 327کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے23 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، اس طرح اس مدت میں کرونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 0.53 فیصد رہی۔ اسلام آباد میں شرح1.07فیصد رہی، گجرات میں 0.45فیصد رہی جبکہ لاہور میںشرح1.17 فیصد رہی۔ بھارت کے شہر گڑگائوں میں کرونا وائرس سے خوف زدہ ہو کر خود کو اور اپنے بچے کو 3 سال تک گھر میں بند رکھنے والی خاتون کو ریسکیو کرلیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس، محکمہ صحت اور چائلڈ ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے گھر کا دروازہ توڑ کر خاتون اور اس کے 10 سالہ بچے کو باہر نکالا۔ خاتون ان سالوں کے دوران اپنے شوہر کو آفس جانے کے بعد گھر میں داخل ہونے کی اجازت بھی نہیں دیتی تھی۔ خاتون کے شوہر نے ابتدا میں کچھ روز اپنے رشتے داروں اور دوستوں کے گھر رہ کر گزارے۔ تاہم بیوی سے گھر آنے کی متعدد درخواست کرنے کے بعد اجازت نہ ملنے پر اس نے اسی علاقے میں کرائے پر گھر لے کر رہنا شروع کردیا۔ رپورٹس کے مطابق خاتون کا شوہر اس دوران اپنی تمام ذمہ داریاں نبھاتا رہا اور وہ ویڈیو کال کے ذریعے اپنی بیوی اور بچے سے رابطے میں رہا۔

مزیدخبریں