اسلام آباد (خبر نگار) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر رانا مقبول احمد کی زیر صدارت ہوا۔ سینیٹرز سعدیہ عباسی، کامل علی آغا، محمد اکرم، سیف اللہ سرور نیازی، خالدہ عطیب کے علاوہ چیئرمین انچارج ایف پی ایس سی اور چیئرمین اوگرا نے شرکت کی۔ قائمہ کمیٹی نے 20جنوری 2023 ء کو سینٹ اجلاس میں پارلیمانی امور کے وزیر مرتضی جاوید عباسی کی جانب سے پیش کردہ فیڈرل ایمپلائز بینوولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس (ترمیمی) بل 2022ء کو متفقہ طور پر منظور کیا۔ بل کا مقصد سکیورٹی سے متعلق ایکٹ میں دوران سروس فوت ہونے والے ملازمین کے اہل خانہ کو اضافی ماہانہ امدادی گرانٹ دینا ہے۔ اسی طرح سکیورٹی سے متعلق ایکٹ میں دوران سروس فوت ہونے والے ملازم کے اہل خانہ کو خصوصی یکمشت گرانٹ فراہم کرنا ہے۔ اس بل کی ترمیم پر عملدرآمد9 فروری2015 ء کی بجائے 15 جون2013 ء سے ہو گا۔ چیئرمین انچارج فیڈرل پبلک سروس کمشن نے سپیشل سنٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) امتحان 2023 ء کے بارے میں کمیٹی کو بریفنگ دی۔ وفاقی حکومت/ کابینہ نے خالی آسامیوں کے لیے خصوصی سی ایس ایس امتحانات کی منظوری دے دی۔ بتایا گیا کہ سی ایس ایس کی 231 آسامیاں خالی ہیں۔ سالانہ 200 اہلکار بھرتی کیے جاتے ہیں۔ اقلیتوں کی 104 سیٹیں خالی ہیں، خواتین کی 47 اوپن میرٹ اور 80 سیٹیں خالی ہیں۔ پنجاب میں 52، دیہی سندھ میں 43، شہری سندھ میں 24، کے پی کے میں 23، بلوچستان میں 63، سابق فاٹا میں 18، گلگت بلتستان میں2 اور آزاد کشمیر میں6 نشتیں خالی ہیں۔
سینٹ کمیٹی میں فیڈرل ایمپلائز انشورنس ترمیمی بل متفقہ منظور
Feb 23, 2023