لاہور؍ پشاور؍ لیہ (نامہ نگار+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ ) پشاور میں کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 5 کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ٹیلہ بند میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔ دہشت گرد بھتہ خوری کے 20 سے زیادہ واقعات میں ملوث ہیں۔ دہشت گرد دستی بم حملوں اور فائرنگ میں ملوث ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں نے شہری امتیاز سے50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا۔ بھتے سے انکار پر دہشت گردوں نے متاثرہ شخص کے گھر پر دستی بم حملہ کیا تھا اور فائرنگ بھی کی تھی۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف،6 دستی بم،2 پستول اور کارتوس برآمدکر لیے گئے۔ ادھر سی ٹی ڈی نے لیہ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کا دہشت گرد گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق دہشت گرد کی شناخت عبدالقیوم کے نام سے ہوئی جو کہ لیہ میں حساس عمارت کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔ ڈی جی خان کی ٹیم کو معتبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد تھانہ لیہ کے علاقے میں حساس اداروں، دیگر دفاتر اور عمارتوں پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ قبضے سے خود کش جیکٹ بنانے کا سامان، ایک آئی ای ڈی، دھماکہ خیز مواد، بال بیئرنگ، سیفٹی فیوز، پرائما کارڈ، الیکٹرک ڈیٹونیٹر اور 2515 گرام وزنی 9 بیٹریاں اور الیکٹرک سوئچ برآمد کر لیا گیا ہے۔ گرفتار دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان کے علاقے وام میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔ یہ فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔