نگران حکومت غیرضروری کاموں کی بجائے عوام کی فلاح پر توجہ دے: زبیر احمد ظہیر


لاہور (نوائے وقت رپورٹ)اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کے بیان پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام بھوک ، مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آ کر خودکشیاں کررہے ہیں۔ وزیراعلٰی صاحب انکا احساس کرنے کی بجائے اعلان کر رہے ہیں پتہ چلنا چاہیے کہ جشنِ بہاراں ہے ۔شاندار طریقے سے شہر سجا دیے جائیں۔اے کاش وزیر اعلٰی صاحب فرماتے کہ موجودہ بدترین معاشی حالات سے عوام پریشان ہیں۔ اسلئے اس مرتبہ جشنِ بہاراں سادگی سے تعمیری انداز میں اپنے طور پر منائیں اور ہر شخص ایک درخت لگا کر جشنِ بہاراں کا استقبال کرے اور لوگوں کو دو وقت کی سوکھی روٹی میسر نہیں اور نگران وزیراعلٰی نے عوام کی فلاح و بہبود کی طرف توجہ دینے اور ان کو فائدہ پہنچانے کی بجائے غریب عوام اور مقروض قوم کا خزانہ غیر ضروری اور غیر ترقیاتی کاموں پر پانی کی طرح بہانے کا فرمان جاری کردیا ہے۔ جو غریبوں کی غربت اور مفلسی کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان نگران حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ جشنِ بہاراں کے نام پر کروڑوں، اربوں غیر ترقیاتی کاموں پر اڑانے کی بجائے جشنِ بہاراں ضرور منائیں مگر قومی خزانے کو فضول خرچیوں پر ضائع کر کے ملک اور قوم پر ظلم کرنے سے گریز کریں۔

ای پیپر دی نیشن