جیل بھرو تحریک فلاپ 500، کا انتظام کیا ،  80آئے، 2جج متعصب: رانا ثنا


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک فلاپ ہو گئی۔ اسے  عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ جیل بھرو تحریک کے لیے 300 سے 400 لوگ جمع ہوئے، حکومت نے 500 افراد کی گرفتاری کا بندوبست کر رکھا تھا، تین گاڑیوں میں 80 کے قریب لوگ بیٹھے جنہیں حراست میں لیا گیا، عمران خان ٹولے کے تین چار لوگ آج قابو میں آ گئے ہیں۔ عمران خان نے سیاسی مخالفت کو سیاسی دشمنی میں بدل دیا ہے، ہم عمران خان کو اپنا سیاسی حریف سمجھتے ہیں لیکن اگر عمران خان ہمیں دشمن سمجھتا ہے تو پھر وہ ہمارا دشمن ہی ہے، تم چاہتے ہو دوبارہ یہ ملک یرغمال بن جائے تو ہم یہ نہیں ہونے دیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ 2 ججوں کا ن لیگ کے لئے رویہ متعصبانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور عدالتی روایت ہے کہ متنازع جج متعلقہ مقدمے کی سماعت سے خود کو رضاکارانہ طور پر الگ (ریکیوز) کر لیتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم دونوں ججز کو نواز شریف اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے مقدمات کی سماعت کرنے والے بنچوں سے الگ ہونے کا کہے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ خوشی ہے سپریم کورٹ نے انتخابات کے معاملے پر از خود نوٹس لیا ہے، امید ہے سپریم کورٹ بعض ناموں پر ہمارے تحفظات کو مدنظر رکھے گی۔

ای پیپر دی نیشن