ڈینگی ڈیوائس خریداری کیس ،ڈاکٹر امان اللہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد

Feb 23, 2023


اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت نے پولی کلینک ہسپتال میں ڈینگی ڈیوائس خریداری میں خرد بردکیس میں ایف آئی اے کی ہسپتال کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امان اللہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کرتے گرفتار ملزم سٹور کیپر عابد حسین کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران ایف آئی اے تفتیشی افسر سدرہ ہاشمی،اسسٹنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک ڈاکٹر امان اللہ کے وکیل قاضی ریحان،ایف آئی اے کیڈپٹی پراسیکیوٹر عثمان گھمن اور دیگر عدالت پیش ہوئے، ایف آئی اے وکیل نے کہاکہ ابھی کیس ٹرائل میں گیا نہیں اور چالان جمع ہونا باقی ہے، سٹور کیپر کی ضمانت خارج ہوئی ہے جبکہ ڈاکٹر امان اللہ کو ضمانت دے دی گئی ہے،عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیاکہ جتنی کٹس ریکور ہوئی ہیں وہ 2021 کی ہیں،جس پر تفتیشی افسر سدرہ ہاشمی نے بتایاکہ جی یہ تمام کٹس 2021 کی ہیں،وکیل نے کہاکہ جو کٹس آتی ہیں وہ آپ واپس نہیں کر سکتے، ڈاکٹر امان اللہ نے صرف خط لکھا کہ کٹس ایکسپائر ہو رہی ہیں،ان کی ضمانت بعد از گرفتاری ہوئی اور سٹور کیپر عابد حسین کی نہیں ہوئی،جب سٹور کیپر کی نہیں ہوئی تو ڈاکٹر امان اللہ کی کیسے ہوسکتی ہے، ضمانت منسوخ کرنے کی استدعاہے، وکلائ￿  کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مذکورہ بالا احکامات جاری کردیئے۔

مزیدخبریں