اسلام آباد (خبر نگار) ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور مرکزی رہنما چودھری شافع حسین نے ڈیوس روڈ پر پارٹی آفس کا دورہ کیا۔ چودھری شجاعت حسین کی آمد پر کارکنوں نے پھولوں کی پتیوں اور ڈھول کی تھاپ سے استقبال کیا۔ کارکنوں نے چودھری شجاعت حسین زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ہاؤس پہلے بھی مسلم لیگ کا تھا آج بھی مسلم لیگ کا ہے، ہم نے جو بھی اقدام کیا وہ پاکستان مسلم لیگ ق کے آئین اور قانون کے مطابق ہے، ہماری پارٹی آئین اور قانون پر یقین رکھتی ہے، نفرت کی سیاست اس ملک کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ اس وقت سب سے اہم ضرورت ہے کہ ملکی معیشت کو سیدھا کیا جائے، ملک جن بحرانوں میں پھنس رہا ہے اس پر تمام پارٹی کی قیادتوں کو ایک ہونا پڑے گا، ہمیں اپنے تمام اختلافات بھلانے پڑیں گے چاہے وہ حکومت کے ساتھ ہوں یا اپوزیشن کے ساتھ۔ عوام کو مہنگائی کی وجہ سے اس وقت شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کو ریلیف دینے کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کیا جائے، ہم سب کو اپنے تمام اختلافات بھلا کر پاکستان کیلئے قربانی دینا ہو گی۔ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔