ضابطہ دیوانی ترمیمی بل کمیٹی کے سپرد،2رپورٹس پیش

Feb 23, 2023


اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں منعقد ہوا۔  اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے ہنگو سے نو منتخب رکن اسمبلی ندیم خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حلف لیا۔ نو منتخب رکن قومی اسمبلی ندیم خان نے رول آف ممبرز پر دستخط کیے۔ جی ڈی اے کی رکن اسمبلی سائرہ بانو نے کہا کہ  کل نیب چیئرمین نے استعفی دیا۔ نیب مخالفین کو دبانے کیلئے بنایا گیا تھا۔ عدلیہ سے بھی درخواست ہے کہ دیکھا جائے کہ اتنے بڑے ادارے کے سربراہ کو کون دبا رہا ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں مجموعہ ضابطہ دیوانی ترمیمی بل2023 ء ایوان میں پیش کر دیا گیا۔ بل پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر نے ایوان میں پیش کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ضابطہ دیوانی ترمیمی بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی داخلہ احمد حسن دیہڑ نے اسلام آباد دارالحکومتی علاقہ فرانزک ایجنسی بل 2022 ء پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جبکہ شیخ فیاض الدین نے ترک وطن ترمیمی بل 2023ء پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔ مولانا جمال الدین نے کہا کہ کامسیٹ یونیورسٹی میں ایک غیر اخلاقی معاملہ سامنے آیا ہے جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے انہیں روکتے ہوئے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی کے معاملے پر بات نہ کریں۔ غیر اخلاقی بات کا پرچہ نہیں کیا جاتا۔ ایسی بات کی اجازت نہیں دے سکتا سب مذمت کر چکے ہیں۔ رکن اسمبلی شائستہ پرویز نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کی طرف سے ایک خط سامنے آیا ہے، خواتین کو ایک کمرے تک محدود کر دیا گیا ہے۔ اس واقعہ پر ایوان میں احتجاج ریکارڈ کرتی ہوں، جس پر سپیکر نے کہا کہ وزیر تعلیم گومل یونیورسٹی کے معاملے پر وضاحت دیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس  کل24  فروری صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

مزیدخبریں