اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی قیادت میں ایک اعلی سطحی پاکستانی وفد نے بدھ کو افغانستان کے دارالحکومت کابل کا دورہ کیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد نے افغان نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر اخوند، وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد، وزیر داخلہ سراج الدین حقانی اور وزیر خارجہ امیر خان متقی سمیت عبوری افغان حکومت کی سینئر قیادت سے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق خطے میں دہشت گردی بالخصوص ٹی ٹی پی اور آئی ایس کے پی کی طرف سے بڑھتے ہوئے خطرے سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔ فریقین نے مختلف اداروں اور تنظیموں کی طرف سے لاحق دہشت گردی کے خطرے سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا۔ بیان کے مطابق فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ادھر افغان وزیراعظم کے دفتر سے جاری تصاویر میں پاکستانی وفد کو قائم مقام نائب وزیراعظم برائے معاشی امور عبدالغنی کے ساتھ اجلاس میں دیکھا جاسکتا ہے۔ تصاویر میں وزیردفاع خواجہ آصف، ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم، سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان اور افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق کو دیکھا جاسکتا ہے۔