پاکستان فٹبال فیڈریشن کی اندرونی سیاست نے کارکردگی کو متاثر کیا : صدر مملکت 

Feb 23, 2023


لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی مینز اور ویمنز ٹیموں کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ہوئی، مہمان وفد نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک اور دیگر ارکان کی سربراہی میں ایوان صدر پہنچا تھا، صدر مملکت عارف علوی نے سعودی عرب میں ہونے والے 4 ملکی ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی قومی ویمنز ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی اپنی کارکردگی سے ملک کا سر فخر سے بلند کریں،بطور پاکستان کے سفیر ملک کا امیج بہتر بنانے کیلئے کام کریں، فٹبال پاکستان میں کافی مقبول ہے،لاکھوں شائقین ہیں، ملک میں اس کھیل کے فروغ کیلئے بین الاقوامی معیار اپنانے کی ضرورت ہے،فٹبالرز کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا،فٹبال کو ضلعی اور کلب کی سطح پر فروغ دینے کیساتھ فٹبالرز کو تربیت کی بہتر سہولیات اور کوچنگ فراہم کرنا ہوگی، افسوس کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی اندرونی سیاست نے اس کی کارکردگی کو متاثر کیا،فیفا کی نامزد نارملائزیشن کمیٹی کو ملک میں فٹبال معاملات سے متعلق مسائل کے حل کیلئے اپنی کوششیں تیزکرنا چاہئیں، امید ہے کہ این سی کی مدد سے فیڈریشن کی کارکردگی میں واضح بہتری آئیگی۔ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک نے کہا کہ فیڈریشن کے نظام کو بہتر بنانے کی کوششیں کررہے ہیں، اب تک ملک کے 163اضلاع سے تقریباً 4600کلب رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ دستاویزات کی جانچ پڑتال اورفزیکل سکروٹنی کاعمل مقررہ وقت میں مکمل کرلیاجائیگا،پاکستان ویمنز ٹیم نے 8 سال بعد اپنے پہلے بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کی، مینز ٹیم نے 4 سال بعد اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلا،مینز ٹیم فیفا ورلڈکپ 2026 کوالیفائرز اور ویمنز ٹیم پیرس اولمپکس 2024کے کوالیفائرزمیں شرکت کرے گی۔

مزیدخبریں