لاہور (خصوصی نامہ نگار) الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک بھر میں سیلاب متاثرین کیلئے بلا تفریق رنگ و نسل خدمات کے اعتراف میں نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ کی جانب سے ایوارڈ سے نوازاگیا۔ملک بھر میں سیلاب متاثرین کیلئے کی جانے والی کاوشوں پر مختلف رفاعی اداروں اور کاروباری اداروں کے سربرہان نے شرکت کی۔ اس موقع پرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے کہا کہ ایسی تقاریب کا انعقاد بہت خوش آئند ہے۔ معاشرے کے ہر طبقے کو معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ الخدمت فاونڈیشن 10 ارب روپے کی ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد الخدمت تعمیر وطن پروگرام کے تحت 5 ارب روپے سے بحالی و تعمیر نو کے منصوبہ جات جاری رکھے ہوئے ہے جن میں 10 ہزارمکانات کی تعمیر و مرمت، 6سو، سکولوں، مدارس اور مساجد کی تعمیر و مرمت کا عمل، 4 سے 12سال تک کے 3 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی مستقل کفالت کا بندوبست اور پینے کا صاف پانی فراہمی شامل ہے۔ اب تک 10 ہزار چھوٹے کسانوں کو گندم کی بوائی کیلئے بیج، کھادیں اور زرعی ادویات کی فراہم کیے جا چکے ہیں جو ان کسانوں کی مدد کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر غذائی پیداوار کو بڑھانے کی کوشش بھی ہے۔