امام اعظم ابو حنیفہؒ امت کے بہت بڑے محسن ، آئمہ کے پیشوا ہیں:اشرف آصف جلالی 

Feb 23, 2023


لاہور ( خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاہے کہ امام اعظم ابو حنیفہ امت کے بہت بڑے محسن اور آئمہ کے پیشوا ہیں۔ آپ کی فقہی بصیرت نے امت مسلمہ کی راہوں کو روشن کیا۔ آپ نابغہء روز گار فقیہ اور نامور محدث ہونے کے ساتھ ساتھ ولایت کے بھی نہایت اونچے مقام پر فائز تھے۔ آپؒ نے صحابہ کرامؓ سے علم حاصل کیا اور آگے ہزاروں محدثین اور فقہاء تیار کیے۔ آج بھی قرآن و سنت کی مراد سمجھنے اور شرعی مسائل کے حل میں فقہ حنفی کا بہت بڑا کردار ہے۔ فقہ اسلامی کی تدوین میں امام اعظم ابو حنیفہ کا کردار کلیدی اور قائدانہ ہے۔ آپ کا طرزِ استدلال فقہائے امت کیلئے مرشد کی حیثیت رکھتا ہے۔ آپ کے مرتب کردہ فقہی اصولوں پر آج بھی امت مسلمہ کے تمام فقہی مذاہب کے علماء سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سالانہ امام اعظم ابو حنیفہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کی صدارت صاحبزادہ پیر محمد سعید احمد جان سیفی نے کی جبکہ مفتی محمد ارشاد احمد جلالی اور  سید عبد الشکور رضوی مہمانِ خصوصی تھے۔ سیمینار میں سید سجاد شاہ بخاری، علامہ سرفراز حامدی، علامہ محمد مبشر رسول ، علامہ نسیم سیالوی، علامہ عرفان حیدر جلالی، علامہ عبد الروف جلالی، علامہ شبیر خان جلالی، علامہ حسنین جلالی و دیگر نے شرکت کی۔

مزیدخبریں