لاہور (لیڈی رپورٹر‘ نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کیلئے گرل گائیڈ تحریک کی خدمات قابل ستائش ہیں، آج شام اور ترکی کے ہولناک زلزلے میں بھی گائیڈز اور سکاو¿ٹس بے مثال کردار دا کررہے ہیں، پاکستان کے مستقبل کو تابناک، پرامن اور محفوظ بنانا ہوگا تاکہ پاکستانی بچیاں پراعتماد انداز میں ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ وہ گزشتہ روز گرل گائیڈ ایسوسی ایشن پنجاب کے زیراہتمام عالمی یوم تفکر کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب عائشہ بلیغ الرحمن، گائیڈنگ کی کمشنر پنجاب ثروت شاہد حامد، ندیمہ ظفر، نگہت ارشد، تزئین فضل، صفیہ اسحق، سلمیٰ سجاد، عنبرینہ ارم و دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہاکہ آج وطن کی سکیورٹی اور امن کی خاطر پولیس ممبران شہادتیں دے رہے ہیں مگر ہم دشمن کے گھناو¿نے عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب یا کسی بھی مشکل میں پھنسے ہم وطنوں کیلئے رضاکاروں کا کردار انتہائی عظیم ہے، میں اور میری اہلیہ آج آپ کی حوصلہ افزائی کے لئے یہاں پر آئے ہیں۔ کمشنر پنجاب ثروت شاہد حامد نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گزشتہ روز گورنر ہاﺅس لاہور میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب اور قمر زمان کائرہ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے آئینی عہدوں پر بیٹھے اشخاص آئین اور قانون کی خلاف ورزی کے بار بار مرتکب ہوئے، اور ہو رہے ہیں۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی میں ہی سب کی بھلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے، تمام سیاسی پارٹیوں کو ملک کی معاشی صورتحال پر متحد ہونے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے میثاق معیشت ناگزیر ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت انتشار کی سیاست کسی طرح بھی ملکی مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست نہ صرف ملکی معاشی ترقی کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ ملکی سالمیت کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔ اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملک کو معاشی صورتحال سے نکالنے کے لیے بڑے فیصلے کرنے ہوں گے۔ اس کے لیے تمام سیاسی پارٹیوں کو ملک اور قوم کے وسیع تر مفاد میں ایک پیج پر آنا چاہئے۔ دریں اثنا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گورنر ہاﺅس لاہور میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے زیر اہتمام سابق کورین سفیر ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دینے کے حوالے سے خصوصی کانووکیشن کی صدارت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق کورین سفیر کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری پر مبارکباد پیش کی اور سابق کورین سفیرکی شعبہ زراعت، دیہی ترقی اور پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے کاوشوں کو سراہا۔
گورنر