لاہور(نیوز رپورٹر) جنرل ہسپتال لاہورمیں 5روزہ گیسٹرو انٹرالوجی انٹر نیشنل کانفرنس کا آغاز ہو گیااوراس سلسلے میں نوجوان ڈاکٹرز کی آگاہی کیلئے تربیتی اینڈوسکوپی ورکشاپ منعقد کی گئی اور پہلے روز 40سے زائد مریضوں کے مفت اینڈوسکوپی پروسیجر کیے گئے جبکہ اس ورکشاپ میں 200سے زائد ملکی و غیر ملکی ڈاکٹرز شریک ہوئے۔طبی ماہرین نے زیر تربیت ڈاکٹرز کی آگاہی کیلئے جدید تحقیق کی روشنی میں جگر، معدہ اور آنت کی بیماریوں کے آپریشنز براہ راست کر کے دکھائے جس سے شرکاء کو ان آپریشنرز کی پیچیدگیوں اور طریقہ کار کے بارے میں خاطر خواہ آگاہی ہوئی۔ پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب اور عالمی کانفرنس کے چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق طورنے اپنے خصوصی خطاب میں اس انٹر نیشنل نفرنس کے انعقاد کو پاکستان کیلئے خوش آئند قرار دیا۔ پروفیسر اسرار الحق طور نے کہا اس عالمی کانفرنس سے ینگ ڈاکٹرزکو ترقی یافتہ ممالک کے سینئر ڈاکٹرزکے تجربہ سے سیکھنے کے بیش قیمت مواقع حاصل ہوں گے۔آج کو بھی مختلف لیکچرز اور دیگر سرگرمیوں کے علاوہ ینگ ڈاکٹرز کیلئے 40 لائیو آپریشنز کیے جائیں گے۔