قومی انڈر16 والی بال کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ شروع 

Feb 23, 2023


لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی والی بال ٹیم کے کوچ سعید احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی انڈر16 والی بال کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لیاقت جمنازیم، اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے اور ملک میں والی بال کی ترقی کیلئے پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب کی خدمات اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ اس وقت والی بال کے کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے ملک میں دو مقامات پر تربیتی کیمپ جاری ہیں جن میں میں اسلام آباد اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ اسلام آباد میں 24 اور سیالکوٹ میں 14 کھلاڑی تربیتی کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کے کوچز سعید احمد خان اور لئیق خان جدید اور اعلی تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ والے کیمپ کے کھلاڑی یکم مارچ کو اسلام آباد منتقل ہو جائیں گے اور اس کے بعد ایرانی کوچ علی پور آروجی ٹرائلز کر کے ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کیلئے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے یہ ایشین چیمپئن شپ رواں سال جولائی کے آخری ہفتے ازبکستان میں کھیلی جائیگی جس ایشیائی سطح کے ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ملک میں والی بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ والی بال کا کھیل تعلیمی اداروں میں عام ہوچکا ہے جس کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں اور سپانسر کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ ملک میں دوسرے کھیل بھی ترقی کرسکیں۔

مزیدخبریں