اسپاٹیفائی کے پاکستان میں 2 سال مکمل

Feb 23, 2023


کراچی (کامرس رپورٹر)عالمی میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم، اسپاٹیفائی (Spotify) سال 2021کے دوران پاکستان میں داخل ہوا اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اب سال 2023 میں یہ پچھلے دو سالوں کے دوران مقامی میوزک انڈسٹری میں بڑی تبدیلیوں کی کامیابی منا رہا ہے۔ ملک میں فریش ٹیلنٹ کے ساتھ ساتھ صف اول کی خواتین گلوکاراؤں کو نیویارک کے ٹائمز اسکوائر کے بل بورڈز پر پیش کرنے کے ساتھ اسپاٹیفائی نے ملکی و بیرون ملک پاکستانی میوزک کو ازسرنو نکھارا ہے۔ اس کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران میوزک ایکسپورٹس میں 217 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جاچکا ہے۔ اپنی دوسری سالگرہ کے موقع پر اسپاٹیفائی سامعین کے استعمال سے متعلق دلچسپ اعداد و شمار سامنے لایا ہے جس میں گیت، گلوکار اور صنف کی رسائی سے متعلق معلومات شامل ہیں اور یہ معلومات صرف ملکی سطح پر ہی میسر نہیں ہیں بلکہ اس سے عالمی سطح پر بھی استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران اسپاٹیفائی کے ذریعے عاطف اسلم کا میوزک بیرون ملک سب سے زیادہ پسند کیا گیا ۔ راحت فتح علی خان، عظیم گائیک نصرت فتح علی خان، شفقت امانت علی اور علی سیٹھی ان اولین پانچ گلوکاروں کی فہرست میں شامل ہے جنہیں سب سے زیادہ اسٹریم کیا گیا اور گزشتہ دو سالوں کے دوران انکی بین الاقوامی رسائی میں غیرمعمولی اضافہ سامنے آیا ۔ اسپاٹیفائی کی جانب سے فریش فائنڈز کا سلسلہ متعارف کرایا گیا۔ یہ بنیادی طور پر پلے لسٹ کلیکشن ہے جس میں مختلف اصناف سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے گلوکاروں کی بہترین آواز کو عالمی سطح پر پہچان ملی ۔ میوزک کیرئیر میں گمنامی کے شکار متعدد نوجوان گلوکاروں نے فریش فائنڈز کے ذریعے پہلی بار ملکی و عالمی سطح پر شائقین میوزک کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ اس حوالے سے فریش فائنڈز پاکستان پر عبدالحنان پہلے گلوکار ہیں جن کے دو گیت 'بکھرا' اور 'ارادے'  اسپاٹیفائی کے ٹاپ سانگز پاکستان چارٹ پر راج کرتے رہے ہیں۔ ان کا گیت 'بکھرا' اس پلے لسٹ پر حالیہ عرصے کے دوران پہلے نمبر پر پہنچ گیا جبکہ ان کا گیت 'ارادے' اسپاٹیفائی پاکستان چارٹس پر مسلسل ٹاپ تھری میں نظر آرہا ہے۔ ان گیتوں میں عبدالحنان کے ہمراہ روالیو مستقل ساتھی ہیں۔ یہ کوئی اچھنبے کی بات نہیں کہ انہوں نے اس لسٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی جس میں پہلے نمبر پر حسان اینڈ روشان رہے۔ ان کے علاوہ اس فہرست میں روزیو اور عزچغتائی ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔ صرف یہی نہیں ،بلکہ اسپاٹیفائی نے مارچ 2022 کے دوران پاکستان میں خواتین موسیقاروں کے فروغ کے لئے ایکول پاکستان کا خصوصی پلیٹ فارم متعارف کرایا جس کے تحت ہر ماہ مقامی گلوکارہ کو اس مہینے کی ایمبیسڈر کے اعزاز سے نوازا جاتا ہے اور نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر ڈیجیٹل بل بورڈ پر دنیا کے سامنے انہیں فخریہ انداز سے پیش کیا جاتا ہے۔ 

مزیدخبریں