کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ ملکی بقا کے لیے معیشت کا مستحکم ہونا ضروری ہے۔ مضبوط معیشت کے بغیر مضبوط دفاعی شعبہ بھی ملک و ملت کی بقا کی ضمانت نہیں دے سکتا۔ آئی ایم ایف کے قرضے عوام کے لئے پھانسی کا پھندہ ہیں جو حکمرانوں نے عوام کے گلے میں ڈال دیئے ہیں۔ اس نظام کو مسترد کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اشرافیہ اپنی خیر منائے ، عوام میں ابلتا "اشتعال بم" کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔ اشرافیہ اور الیکٹ ایبلز کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ۔ وہ وقت دور نہیں جب عوام انقلاب فرانس کی طرح عوام ، نرم ہاتھوں والے حکمرانوں اور اشرافیہ کو ٹھکانے لگائیں گے۔ حکومتوں نے معیشت کو نظر انداز کیا جس کے باعث ملک ڈیفالٹ کی حدوں کو پہنچ گیا ہے۔جب تک ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہوں گے ہم ایٹمی قوت ہونے کے باوجود کمزور اور غلام رہیں گے۔حکومت اور سیکورٹی ادارے معیشت سرفہرست رکھیں ، مزید وقت ضائع کیے بغیر قومی اقتصادی ایمرجنسی کا اعلان کریں۔ معیشت کی بہتری کے لئے تعاون نہ کرنے والے تمام سیاستدانوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے۔ یہ وقت ملکی بقاء کی خاطر سیاستدانوں کو قربان کرنے کا ہے۔ ملک و قوم کو بچانے کے لیے فوری طور پر سخت فیصلے کیے جائیں۔ تمام پرتعیش اشیا پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ چین، روس اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارت ڈالر کے بجائے دوسری کرنسیوں میں کرنے کی پالیسی اپنائی جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لیے معیشت پر توجہ دینا ضروری ہے۔ ورنہ مضبوط دفاعی شعبہ بھی ملک کو سابقہ سوویت یونین کی طرح تباہی سے نہیں بچا سکتا۔ افسوسناک امر ہے کہ ہماری تمام پالیسیاں ہمارے بیرونی آقائوں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے ذریعے بنا کر ہم پر مسلط کی جاتی ہیں۔ قرض دینے والے ان اداروں نے ہمیںبھکاری بنا دیا ہے۔ قرضوں کا جال موت کا جال ہے لیکن ہماری حکومت اور حکمران اشرافیہ آئی ایم ایف سے ایک اور قرضہ لینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔کیا آئی ایم ایف کا یہ قرضہ ملک کو معاشی تباہی سے بچاسکے گا؟آئی ایم ایف کا قرض چند ماہ کے لیے ملک کو سانس لینے کے قابل بنا سکتاہے لیکن یہ قرضوں کے جال کو توڑنے نہیں دے گا۔ علاقائی تجارت کو بڑھانے کے لیے چین، روس، پاکستان، افغانستان، ایران اور ترکی کا فری ٹریڈ بلاک بنایا جائے۔اقبال ہاشمی نے حکومت، سیاسی جماعتوں اور سیکیورٹی اداروں کو خبردار کیا کہ قومی معیشت کو بچانے کا یہ آخری موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے اور قوم اور ملک کی خاطر دیگر تمام تر معاملات کو پس پشت ڈالنا چاہیے#
تجارت ،ڈالر کے بجائے دیگر کرنسیوں میںکی جائے:پاسبان
Feb 23, 2023