اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان و پاکستان بزنس فورم کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کی جانب سے ظالمانہ مہنگائی ، ہوشربا ٹیکسز پٹرول ، گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلا ف ہم مسلسل احتجاج کے ساتھ ساتھ ملک گیر مشاورتی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ تاجر برادری سمیت دیگر اسٹیک ہولڈر کے ساتھ ملکر متبادل معاشی پلان تشکیل دے رہے ہیں۔بدھ کو جاری بیان کے مطابق محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ ملک میں ظالمانہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور ہو شربا ٹیکسز ،پٹرول ، گیس و بجلی سمیت اشیاء ضروریہ کی آسمانوں سے باتیں کرتی قیمتوںنے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے ایسی صورتحال میں ہم نے مسلسل احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ تاجروں سمیت دیگر اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اسی مشاورتی سلسلے میں ہم متبادل معاشی پلان تشکیل دینے میں مصروف ہیں۔ اور اس پر کافی کام کیا جا رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک بھر کی تاجر تنظیموں کی مشاورت سے خود فیصلہ کرتے ہیں اورہم نے شٹر ڈائون ہڑتال کا کوئی فیصلہ یا اعلان نہیں کیا ہے اور جب بھی کوئی فیصلہ کیا جائیگا مکمل مشاورت سے ہوگا ۔