اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں بلاجواز کئی سو ارب روپے کے قرضے معاف کئے جا چکے، سرمایہ کار قرضے معاف کرواتے ہیں۔اسلام آباد میں یوتھ لون سکیم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے 2013 میں نوجوانوں کیلئے قرضوں کی سکیم کا اجراء کیا. سکیم کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں کو اربوں کے قرضے دیئے گئے، اس سے ملک اور نوجوانوں کو بے پناہ فائدہ ہوا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پی ایم یوتھ لون سکیم کا آغاز پنجاب سے کیا گیا تھا، نوجوان قرض لے کر دیانتداری سے کماتے ہیں اور واپس بھی کرتے ہیں، کسان سکیم اور تمام دوسرے ایسے پروگرامز کی ریکوری بھی 99 فیصد رہی ہے.انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، نوجوانوں نے قرضے لے کراس سے کاروبار کرکے بتایا کہ یہ کسی سے کم نہیں.ملکی معیشت مشکلات سے گزر رہی ہے، ایک لاکھ لیپ ٹاپ سندھ، خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان اورآزاد کشمیرکے نوجوانوں کو دیں گے۔