لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے اویس منیر نے ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ قطر میں جاری ایشین سنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں اویس منیر کا مقابلہ تجربہ کار اور دفاعی چیمپئن ایران کے عامر سرکوش سے تھا۔تاہم پاکستانی کھلاڑی نے بہترین کیو کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو چار ایک سے آؤٹ کلاس کردیا اور انہیں مسلسل چوتھا اور مجموعی طور پر پانچواں فائنل کھیلنے سے محروم کردیا۔ اویس نے پہلا فریم 36-57 کے سکور سے جیتا تاہم دوسرے فریم میں عامر سرکوش نے شاندار کم بیک کیا اور اویس کو ایک گیند بھی پوٹ نہ کرنے دی۔ دوسرے فریم میں 80-0 کی شکست سے مقابلہ ایک ایک سے برابر ہونے کے بعد اویس نے ایک بار پھر گیم پر کنٹرول سنبھالا اور اگلے تین فریمز 17-75، 47-67 اور 32-69 کے سکور سے جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ اویس منیر 2015 ء کے بعد پہلے پاکستانی کیوئسٹ ہیں جنہوں نے ایشین سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ 2015 ء میں پاکستان کے حمزہ اکبر نے ایونٹ کا فائنل کھیل کر ٹائٹل جیتا تھا۔