پی ایس ایل:کوئٹہ کی اسلام آباد کو شکست دیکر مسلسل تیسری فتح 

Feb 23, 2024

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے آٹھویں میچ  میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلاآباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائیلی روسو نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 9 وکٹوں پر 138 رنز بنائے۔آغا سلمان 33 رنز بناکر نمایاں رہے، فہیم اشرف ، کولن منرو نے 20 ، 20 اور جارڈن کاز نے 19 رنز بنائے۔ عماد وسیم 9 ،شاداب خان 2 اور اعظم خان ایک رن بناسکے۔ محمد وسیم اور ابرار احمد نے  3،3 ، عقیل حسین نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ لی۔ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 139 کا ہدف 19 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ جیسن رائے 37 اور رائیلی روسو نے ناقابل شکست 34 رنز کی اننگز کھیلی۔سعود شکیل دو ‘خواجہ نافع نو‘سرفرا زاحمد ایک ‘شرفین ردر فورڈانتیس ‘عقیل حسین آٹھ ‘محمد وسیم ایک رن بناسکے ۔ محمد عامر گیارہ رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ نسیم شاہ اور شاداب خان نے دو دو ‘رومان رئیس اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔رائیلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے، وہ 6 پوائنٹس کیساتھ گروپ میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اسلام آباد کو 3 میچز میں 2 میں شکست ہوئی اور اس نے اب تک صرف ایک میچ جیتا۔ملتا ن سلطانز چھ پوائنٹس کیساتھ سر فہرست ہے ۔ 

مزیدخبریں