لاہور(خبرنگار)لاہور ہائیکورٹ نے نگران حکومت کی جانب سے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ نے ادویات کی قیمتیں فارماسوٹیکل کمپنیز کو مقرر کرنے کا اختیار دینے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے عملدرآمد روکنے کا حکم دے دیا ہے۔لاہورہائیکورٹ نے جسٹس شاہد کریم نے لاہور کے شہری محمد اسلم کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے ندیم سرور ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، درخواست میں وفاقی حکومت، ڈریپ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ کابینہ نے ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار ڈریپ سے لے کر فارماسوٹیکل کمپنیز کو دے دیا ہے، نگران کابینہ کے پاس یہ اختیار نہیں ہے۔فارماسوٹیکل کمپنیز من مانے ریٹس پر ادویات فروخت کر کے عوام پر بوجھ ڈالیں گی۔استدعا ہے لاہور ہائیکورٹ ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار کمپنیز کو دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے اور ادویات کی قیمتوںمیں حالیہ اضافہ بھی واپس لینے کا حکم دے۔جس پر عدالت نے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکنے کا حکم دیتے ہوئے ادویات کی قیمتیں فارماسوٹیکل کمپنیز کو مقرر کرنے کا اختیار دینے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔عدالت نے فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔
ہائیکورٹ: ادویات کی قیمتیں فارما سوٹیکل کمپنیوں کو مقرر کرنے کا اختیار دینے کا نوٹیفکیشن معطل
Feb 23, 2024