اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کے معاملے پر آج آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھا جائے گا، جس میں کہا جائے گا کہ جتنے حلقوں میں دھاندلی ہوئی وہاں آڈٹ کرایا جائے۔ اس آڈٹ میں جوڈیشری کا عمل دخل بھی ہو، اگر آڈٹ نہیں ہوتا تو آئی ایم ایف سے قرض کا اقدام ملک کیلئے نقصان دہ ہوگا۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں معیشت بہتری کی طرف جائے۔ اگر الیکشن صاف وشفاف نہیں ہوں گے تو معیشت کو نقصان ہوگا۔ علی ظفر نے کہا کہ آئی ایم ایف، یورپی یونین کا اپنا ایک مینڈیٹ ہے۔ آئی ایف ایم کا میرٹ ہے گڈ گورننس ہو۔ جس ملک میں جمہوریت نہیں ہے وہاں بین الاقوامی ادارے کام نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پوری دنیا نے دیکھا کہ لوگوں کا ووٹ چوری ہوا۔ یہ چوری کے مینڈیٹ پر جمہوریت نہیں چل سکتی۔ جب ہمارا خط آئی ایم ایف کو جائے گا اگر آئی ایم ایف نے کوئی بات چیت کرنی ہے تو سب سے پہلے انتخابات میں دھاندلی کا آڈٹ کرائے۔ جہاں جہاں آڈٹ میں دھاندلی ثابت ہو اس کو ختم کیا جائے، اس کے بعد آئی ایف ایم بات کرے ۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جن کے پاس حق حکمرانی نہیں ہے وہ غاصب کے طور پر کرسیوں پر بیٹھیں گے۔ عدالت سے تیزی کے ساتھ ہونے والے فیصلوں کو ساری دنیا نے دیکھا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کا جیل میں ہونا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ تحریک انصاف پارلیمنٹ کا حصہ بنے گی اور آگے بڑھے گی۔ بانی تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آئی ایم کو خط لکھنے کا مقصد بیرونی مداخلت کو شامل کرنا ہے۔ ان کے مذموم مقاصدکے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے، آئی ایم کو خط لکھنے کا مقصد بیرونی مداخلت کو شامل کرنا ہے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پی کے اور بلوچستان میں جو سیٹیں ملیں کیا وہاں دھاندلی نہیں ہوئی، ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ لوگ ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں، ان لوگوں نے پہلے بھی آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی کوشش کی۔ یہ ملک میں انتشار چاہتے ہیں، ملک میں انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔نارووال سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینیٹر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی ہے، یہ پاکستان کی مالی خود مختاری پر حملہ ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان میں بیرونی مداخلت کی دعوت کی اس سے بڑی مثال نہیں ہو سکتی۔
دھاندلی کیخلاف عمران آج آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے، علی ظفر: یہ ملک دشمنی، احسن اقبال
Feb 23, 2024