اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران حکومت نے آئی ایم ایف کی 26 میں سے 25 شرائط پر عملدرآمد مکمل کرنے کی رپورٹ آئی ایم ایف کو بھجوا دی۔ صرف ایک شرط قومی اسمبلی نہ ہونے کے باعث نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پاکستان پوسٹ، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے لاء میں ترمیم پر عمل نہیں ہوسکا۔ تاہم نئی حکومت کے قیام کے بعد یہ شرط بھی پوری ہوجائے گی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت ایک ارب دس کروڑ ڈالر مالیت کی آخری قسط کے لیے دوسرے اقتصادی جائزہ پر مذاکرات نئی حکومت کے ساتھ متوقع ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے اقتصادی جائزہ سے متعلق آئی ایم ایف کے ساتھ کل چھبیس اہداف طے پائے تھے جن میں سے پچیس اہداف حاصل کرلئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مرکزی بنک سے حکومت کیلئے قرض حاصل نہ کرنے، بیرونی ادائیگیاں بروقت ادا کرنے اور ایمنسٹی نہ دینے کی شرط پوری کر دی گئی جبکہ ٹیکس محصولات اور ریفنڈ ادائیگیوں سمیت پاور سیکٹر کے بقایا جات کو بروقت کلیئر کیا گیا ہے۔