تعلیم اور شعور کی کمی کئی بیماریوں کی وجہ: صدر علوی

Feb 23, 2024

تعلیم اور شعور کی کمی کئی بیماریوں کی وجہ: صدر علوی
تعلیم اور شعور کی کمی کئی بیماریوں کی وجہ: صدر علوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صدر عارف علوی نے سندس فاؤنڈیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہو ئے کہا ہے کہ سندس فاؤنڈیشن میں بہترین علاج معالجہ کی وجہ سے مریض بچوں کی عمر میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے  مخیر حضرات اور درد دل رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ سندس فاؤنڈیشن جیسے اداروں کو عطیات دینے کا سلسلہ جاری رکھیں۔ صدر  نے اپنے میڈیکل پیشہ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی۔ خصوصاً خون کی بیماریوں میں ناخواندگی کو بڑی وجہ قرار دیا اور کہا کہ کم تعلیم اور کم شعور بھی کئی بیماریوں کی وجہ اور بنیادی اسباب ہیں۔ تقریب کا اہتمام سندس فائونڈیشن نے گورنر ہائوس لاہور میں کیا تھا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی کی انسانیت کیلئے درد دل رکھنے والی شخصیات اور ڈاکٹرز کو صدر  نے تعریفی اسناد دیں۔ نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری کو بھی انسانیت کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں صدر مملکت نے ایوارڈ سے نوازا۔ تقریب سے سندس فائونڈیشن کے پیٹرن سینئر صحافی سہیل وڑائچ، صدر یٰسین خان اور ڈائریکٹر سندس فائونڈیشن خالد عباس ڈار نے بھی خطاب کیا۔ صدر سندس فائونڈیشن یٰسین خان نے کہا کہ سندس فائونڈیشن کے اس وقت ملک بھر میں 12 مراکز قائم  ہیں۔ عرصہ 25 سال سے ہم تھیلسیما اور ہیموفیلیا اور خون کی دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے علاج و معالجہ میں مصروف عمل ہیں۔ ہم اگلے مرحلے میں صوبہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے شہروں میں سندس فائونڈیشن کے مراکز قائم کرنے جارہے ہیں۔ تاہم ہماری یہ منصوبہ بندی تبھی پایہ تکمیل تک پہنچ سکتی جب ہمارے ادارے کو اس تقریب میں شریک آپ جیسے مخیر حضرات اور خون کے عطیات دینے والے نوجوانوں کا تعاون حاصل ہوگا۔ سینئر صحافی سہیل وڑائچ  نے کہا میں سندس فاؤنڈیشن پاکستان کی طرف سے صدر  عارف علوی  اور  خدمت سے سرشار اداروں کے سربراہان، سندس فائونڈیشن اور دْکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے اداروں کو عطیات دینے والے مخیر حضرات اور خون کے عطیات دینے والے نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین کو بھی خوش آمدید کہتا ہوں۔ صدر نے گزشتہ دنوں سندس فائونڈیشن کے حال ہی میں کراچی میں قائم مرکز کا افتتاح کیا ہے، جس کے لئے ہم سب ان کے تہہ دل سے شکر گزار  ہیں۔ خالد عباس ڈار ڈائریکٹر سندس فائونڈیشن نے  کہا کہ میں بطور ڈائریکٹر سندس فائونڈیشن  صدر کا اس تقریب میں شرکت پر انتہائی شکر گزار ہوں۔ تھیلسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں سے ان کی محبت کا اس امر سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری نے  کہا کہ انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے یہ ایوارڈ ملنا ان کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندس فائونڈیشن سے ان کا تعلق بیس سال سے زیادہ پرانا ہے۔ تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے سندس فائونڈیشن کے صدر یاسین خان کی  بے لوث خدمات نہایت قابل تعریف ہیں۔ سندس فائونڈیشن تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے زندگی اور امید کی کرن ہے۔ کرنل قادری نے مزید کہا کہ نئی آنے والی قومی اسمبلی شادی سے قبل  تھیلیسیمیا  کے ٹیسٹ کو ضروری قرار دینے کی قانون سازی کرے تاکہ اس مرض کو مزید پھیلنے سے بچایا جا سکے۔

مزیدخبریں