لاہور (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کے ہمراہ عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پاکستانی عوام نے عمران خان سے محبت کا ثبوت ووٹ کی صورت میں دیا۔ لاڈلوں نے راتوں رات پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کر لیا۔ سالک اور شافع پہلے گجرات کے عوام کا مینڈیٹ واپس کریں، پھر بات کرنے کا سوچیں گے۔ گجرات، منڈی بہاؤالدین، تلہ گنگ کا مینڈیٹ چوری کرنے والے اپنے کیفر کردار کو پہنچنے والے ہیں۔ اصل مینڈیٹ چوری کرنے والا محسن نقوی اور اس کی پولیس پارٹی ہے۔ اب انشاء اللہ محسن نقوی اور اس کی پولیس کی باری آنے والی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان پہلے بھی عوام کا وزیراعظم تھا آج بھی ہے اور انشاء اللہ کل بھی رہے گا۔ کیونکہ عمران خان عوام کے دلوں میں بستا ہے۔ عوام ایسی حکومت قبول نہیں کریں گے جسے ان کی حمایت حاصل نہ ہو، انشاء اللہ عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے ہر جنگ لڑیں گے۔