امید ہے نئی حکومت فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے فروغ میں کردار ادا کریگی:ڈاکٹر جاویداکرم

لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کے نگران وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ نئی حکومت فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں 16ویں پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کے اختتامی روز دورے کے دوران نگران وزیر صحت نے کہا کہ’’پاکستان کی فارماسیوٹیکل انڈسٹری دنیا میں اچھی پوزیشن رکھتی ہے اور اس کی ترقی پر خوش ہونا چاہیے۔‘‘  انہوں نے کہا کہ سائنس میں بہت زیادہ ترقی نے دنیا بھر میں ادویات سازی کے کاروبار کو بھی تبدیل کر دیا ہے۔ ڈاکٹر جاوید نے ایک اور میگا فارما نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کاروباری سودوں سے نہ صرف مقامی صنعت اور غیر ملکی کمپنیوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ ملک میں سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔ قبل ازیں وزیر نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور مقامی اور غیر ملکی نمائش کنندگان سے بات چیت کی۔ نمائش کے آرگنائزر کامران عباسی نے وزیر کو بتایا کہ میڈیکل اور لیبارٹری کے آلات اور کیمیکلز کی نمائش کیلئے 400 سٹالز لگائے گئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن