لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ قابل مذمت ہے۔ ہر دوسرے دن ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ ایک طرف دل کے امراض، شوگر،بلڈ پریشر، کینسر اور جان بچانے والی ادویات بھی مہنگی ہو گئیں ہیں جبکہ دوسری جانب نگران حکومت مسلسل عوام پر مہنگائی بم گرانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حکمرانوں کو عوامی مسائل اور مشکلات کا ادراک ہی نہیں۔حکمران طبقہ اپنے بنک بیلنس میں اضافے کیلئے لوٹ مارکرنے میں مصروف ہے۔ ملک میں پہلے ہی عوام کو معیاری طبی سہولیات میسر نہیں۔ فارماسوٹیکل کمپنیاں پیسہ کمانے کے لالچ میں بالکل بے حس ہوچکی ہیں۔ پاکستان میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار انتہائی ناگفتہ بہ اور قابل رحم ہے۔عوام کو ریلیف نام کی کوئی چیزمیسرنہیں۔مفت ادویات بھی کمیشن مافیااور رشوت خوروں کی نذرہوچکی ہیں۔ غریب اور متوسط طبقہ کے مریض علاج معالجہ کی استطاعت نہیں رکھتے،ایسے فیصلے عوام کی زندگی کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے نگران حکمرانوں کو بھی عوامی مشکلات کا کوئی احساس نہیں۔
حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا ادراک نہیں :جاوید قصوری
Feb 23, 2024