لاہور ( خصوصی نامہ نگار )سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہررضابخاری نے پانچویں انٹرنیشنل حضرت امام حسین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شرف انسانیت کی حفاظت کیلئے حضرت امام حسینؓ کی قربانی لازوال ہے۔ وہ حریت فکر کے امین اور شرف آدمیت کے علمبردار تھے۔ انہوں نے تکریم انسانیت کے علم کو سربلند کیا۔ قرآنی افکار کی ترویج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات پر تشویش ہے۔ عروج اور سربلندی قرآن پاک کے ساتھ مضبوط تعلق کے بغیر ممکن نہیں۔ پنجاب حکومت اسلامی اقدار کے احیاء کیلئے سرگرم عمل ہے۔ مزارات و مساجد و اسلامی تعمیراتی ورثہ کی حفاظت لائق تحسین ہے۔ سعودی عرب، ایران اور ملائیشیا کی طرز میں پاکستان میں بھی قرآن پاک کے عالمی مقابلوں کا انعقاد نسل نو کی تربیت کیلئے لازم اور ان کا اہتمام لائق تحسین ہے۔ اسلامی بھائی چارے کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خطے میں اسلام کی روشنی سادات کرام اور صوفیاء کے دم قدم سے پہنچی۔ ان کی شاندار خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے تمام مسالک اور مکاتبِ فکر کا باہمی رابطہ اور تعاون از حد ضروری ہے۔ قومی اور بین الاقوامی سطح پراسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے اسوۂ رسولؐ اور سیرت طیبہ کا ابلاغ لازم ہے۔ ہماری فلاح اور بقا صرف اور صرف قرآن کے ساتھ وابستگی میں ہے، جس کیلئے ہمیں مستعد ہونے اور اپنے عہد کو تازہ کرنے کی ضرور ت ہے۔
شرف انسانیت کی حفاظت کیلئے حضرت امام حسینؓ کی قربانی لازوال ہے:طاہررضا بخاری
Feb 23, 2024